پیر، 8 فروری، 2016

رباعیات.ازڈاکٹرظفرکمالی

رباعیات.ازڈاکٹرظفرکمالی 
خطروں سے بھری یہ آرزو مندی ہے
دنیا کی شراب مت پیو گندی ہے
ناپاک ہے یہ اسی لےے تو اس پر
ساقیِ حقیقی کی پابندی ہے
........
جب دل کی قرابت ہو تو وہ خالص ہو
اظہارِ محبت ہو تو وہ خالص ہو
ڈر ہے نہ کہیں منزل کھوٹی ہو جائے
ساقی کی ارادت ہو تو وہ خالص ہو
........
ایمان میں ایقان میں پورے اترو
تم نفس کے عرفان میں پورے اترو
ساقی کے چہیتے ہو کیا کرتے ہو
اعمال کی میزان میں پورے اترو
........
فطرت کا تقاضا ہے کہ گھر صاف رکھو
دل صاف رکھو اپنی نظر صاف رکھو
آنا ہے اسی راہ سے ساقی کو ظفر
عاقل ہو تو یہ راہ گزر صاف رکھو
........
پہنچیں گے بھلا کیسے وہ صحت کے قریب
اوہام کے ماروں کا کہاں ایسا نصیب
اچھا تو یہی ہوتا کہ بیماری میں
ساقی کو بنا لیتے وہ اپنا طبیب
ظفر کمالی
شعبہ فارسی۔ زیڈ اے اسلامیہ کالج، سیوان(بہار)
09431056963
****

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں